Scholar Publishing House

اسکالر پبلشنگ ہاؤس

اسکالر پبلشنگ ہاؤس


ہاجر دہلوی

لکھنؤ

جانتے ہیں ان کو سب باشندگان لکھنؤ

کہتے ہیں فرحت انہیں پیروجوان لکھنؤ

ہیں بہت باعلم ولائق زندہ دل شیریں زبان

خاندان ان کا ہے نامی درمیان  لکھنؤ

کیا صفت اس شہر  کی کوئی کرے اہل قلم

پڑھتے ہیں ہر دم فرشتے داستان لکھنؤ

اک سے اک بڑھکر ہیں دونوں کیا کہوں کس کی صفت

کیا زمین لکھنؤ کیا آسمان لکھنؤ

اسقدر افراط ہے سبزی ارزاں ہے تمام

غیرتِ باغ ارم  ہے بوستان لکھنؤ

ہے فصاحت اور لسانی کا ان پر خاتمہ

نامزد دنیا میں ہیں جادو بیان لکھنؤ

گومتی کا جل پیا جس نے وہ عورت ہوگئی

ہے زنانی ہند میں نامی زبان لکھنؤ

مرد جو ان کو کہے سمجھو اسے نامرد ہے

مردمی سے دور ہیں باشندگان لکھنؤ

دل ہوا فرحت سے ملکر خوش تو ہاجؔر نے کہا

سارے ہیں جادو بیان باشندگان لکھنؤ