کبھی دنیا نے اب تک آپ سے بہتر نہیں دیکھا
وہ بینا ہی کہاں جس نے نبی کا گھر نہیں دیکھا
جو سب سے متقی تھا آپ سے اتنا ہی اقرب تھا
کسی کالے کو گورے سے کبھی کمتر نہیں دیکھا
مدینے سے ابھی تک آ رہی ہے آپ کی خوشبو
پسینہ۔ آپ جیسا مشک یا عنبر نہیں دیکھا
نبوت۔ ختم ہوتی ہے رسول اللہ پر آ کر
مکمل آپ جیسا کوئی پیغمبر نہیں دیکھا
کھجوروں کی چٹائی پر شہِ کونین لیٹے ہیں
کبھی بھی آپ نے پھولوں بھرا بستر نہیں دیکھا
چلو راشد مدینہ ہم کو ان کی یاد آتی ہے
زمانہ ہو گیا ہم نے نبی کا در نہیں دیکھا