مزاج کی نہیں ہو پھر بھی سننی پڑتی ہے
کہ بات زہر بھی اُس کی نگلنی پڑتی ہے
یہ عشق ہے سو یہاں دیکھنے کا کام نہیں
کہ الٹے پاوں یہ سیڑھی اترنی پڑتی ہے
یہ آنکھ مفت میں کب خواب دیکھتی ہے میاں
اسے بھی نیند کی قیمت تو بھرنی پڑتی ہے
پرانے عشق کی تکمیل میں مگن ہے کوئی
برا نہ مان اُسے رہ بدلنی پڑتی ہے
یہ بے قراری وہیں سے نکالی جاتی ہے
ہماری آنکھ میں خوابوں کی چھلنی پڑتی ہے
تمہارے بعد محبت کسی سے کیا ہوگی
مگر یہ وقت گزاری تو کرنی پڑتی ہے
رباب ایسے نہیں وصل کی خوشی ملتی
کسیلی ہجر کی گولی نگلنی پڑتی ہے