Scholar Publishing House

اسکالر پبلشنگ ہاؤس

اسکالر پبلشنگ ہاؤس


ندا فاضلی

کٹھ پتلی ہے یا جیون ہے جیتے جاؤ سوچو مت

کٹھ پتلی ہے یا جیون ہے جیتے جاؤ سوچو مت
سوچ سے ہی ساری الجھن ہے جیتے جاؤ سوچو مت

لکھا ہوا کردار کہانی میں ہی چلتا پھرتا ہے
کبھی ہے دوری کبھی ملن ہے جیتے جاؤ سوچو مت

ناچ سکو تو ناچو جب تھک جاؤ تو آرام کرو
ٹیڑھا کیوں گھر کا آنگن ہے جیتے جاؤ سوچو مت

ہر مذہب کا ایک ہی کہنا جیسا مالک رکھے رہنا
جب تک سانسوں کا بندھن ہے جیتے جاؤ سوچو مت

گھوم رہے ہیں بازاروں میں سرمایوں کے آتش دان
کس بھٹی میں کون ایندھن ہے جیتے جاؤ سوچو مت