Scholar Publishing House

اسکالر پبلشنگ ہاؤس

اسکالر پبلشنگ ہاؤس


رحمان فارس

کب تک مَیں کروں زخم شُمار ایک کے بعد ایک

کب تک مَیں کروں زخم شُمار ایک کے بعد ایک

مرتے ہی چلے جاتے ہیں یار ایک کے بعد ایک

 

مالی سے کہو باغ کو آندھی سے بچا لے

ہوجائیں نہ سب پھول شکار ایک کے بعد ایک

 

منہ زور سواری ہے جسے زندگی کہیے

گر جائیں گے سب شاہ سوار ایک کے بعد ایک

 

کیا قاتلِ بے رحم ہے یہ مرگِ مسلسل

کرتی ہی چلی جاتی ہے وار ایک کے بعد ایک

 

یہ درد کا دریا ہے مگر حوصلہ رکھو

سب لوگ اُتر جائیں گے پار ایک کے بعد ایک

 

ہے موت کے اس زہر کا تریاق فقط عشق

فارس ! سبھی چکھ لو یہ خمار ایک کے بعد ایک