ایک لمبی گفتگو کرنے کے بعد
لوٹتے ہیں دوستو وقفے کے بعد
تھک نہ جائے آپ کا ذہن و دماغ
اک مسلسل داستاں سننے کے بعد
اس کے سر پر ہاتھ میں نے رکھ دیا
دفعتا وہ رو پڑا ہنسنے کے بعد
غم زدہ بچے کے ہونٹو پر ہنسی
آئی ہے لاکھوں جتن کرنے کے بعد
اک ترے غم کی بھلا اوقات کیا
زیست کے لاکھوں ستم سہنے کے بعد
اک الگ دنیا میں ہیں بچے مرے
ان کے بازو بال و پر لگنے کے بعد
آپ کو جو کچھ تھا کہنا کہہ دیا
کیا کہوں میں آپ کے کہنے کے بعد
آنکھ سے آنسو نہیں ٹپکے لہو
دل کا سوزِ عشق میں جلنے کے بعد
تم کو کیا کہنا ہے راشد سوچ لو
لوٹتے ہیں تیر کب چلنے کے بعد